شلجم کا تعارف۔
اسے شلغم بھی کہا جاتا ہے۔ بعض علاقوں میں اسے گونگلو کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ یہ بڑی مشہور اور عام سبزی ہے۔ یہ پکا کر بھی کھایا جاتا ہے اور کچا بھی۔ یہ بے حد مزیدار سبزی ہے۔ اس کے پتے سلاد میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
شلجم کا پیڑ۔
شلجم ایک ڈیڑھ فٹ کا پودا ہوتا ہے۔ اس کے پتے ہرے ہوتے ہیں۔اور اس کی جڑ سفید مائل گلابی ہوتی ہے۔ اس کے پتے اور جڑ دونوں ہی استعمال میں لائے جاتے ہیں۔ اس کا اچار بھی ڈالا جاتا ہے۔یہ اچار بے حد لذیذ ہوتا ہے۔عام طور پر یہ سبزی گوشت کے ہمراہ پکائی جاتی ہے، اس کے قدرتی اجزاء میں پروٹین،کیلشیم اور فاسفورس کے علاوہ وٹامن سی،ایچ اور آئرن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
شلجم کی تاثیر۔
یہ ہر مزاج کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس کا مزاج گرم تر ہے۔ لیکن جب گوشت کے ساتھ پکایا جائے تو اس کا مزاج معتدل ہوجاتا ہے۔
:بھوک،ریاح اور دردِ گردہ
شلجم پیٹ صاف کرتا ہے۔ یہ بھوک کو بڑھاتا ہے۔ تاہم اس کے استعمال سے ریاح پیدا ہوتی ہے۔ اگراس کے ساتھ نمک استعمال کیا جائے تو ریاح کا زور کم ہو جاتا ہے۔
برائے اجابت۔
یہ کھانے سے اجابت کھل کر ہوتی ہے۔ اور معدہ صاف ہو جاتا ہے۔ جو لوگ مسلسل یہ سبزی استعمال کرتے ہیں وہ کمر کے درد اور گردے کی تکلیف سے محفوظ رہتے ہیں۔
گیس،قبض اور پتھری کا علاج
اگر اس سبزی میں سرکہ اور گرم مصالحہ ڈال کر استعمال کیا جائے تو اس کے فوائد دو چند ہو جاتے ہیں۔اس سبزی کے استعمال سے بلغم پیدا ہوتی ہے۔ کچا شلجم فائدہ پہنچاتا ہے۔ اس سبزی کو تُرش اور گرم مصالحہ کے ساتھ کھانا بہتر ہے۔شلجم معدے سے گیس کا اخراج کرتا ہے۔ قبض کشا ہے۔کھانے کو ہضم کرتا ہے۔ جسم کی کمزوری اور لاغری کودور کرتا ہے۔جگر کو طاقت بخشتا ہے۔اور پتھری توڑ کر خارج کر دیتا ہے۔
:بینائی اور کھانسی کی دوا
شلجم کھانسی کی بہترین دوا ہے۔ یہ بینائی میں اضافہ کرتا ہے۔ بھوک بڑھاتا ہے۔ اور پیٹ کو صاف کرتا ہے۔ معدے میں درد ہو تو شلجم کا شوربہ بے حد مفید ہے۔