اذان کا معنی – اذان اور اقامت کے کلمات اور مسائل | Azan Lyrics in Arabic

اذان کا معنی – اذان اور اقامت کے کلمات اور مسائل | Azan Lyrics in Arabic

اذان کے الفاظ و کلمات یہ ہیں: اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ، اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ۔ أَشْهَدُ اَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهْ، أَشْهَدُ اَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهْ۔ اَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدََرَّسُوْلُ اللّٰهْ،اَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدََرَّسُوْلُ اللّٰهْ۔ حَيَّ عَلَى الصَّلٰوةِ، حَيَّ عَلَى الصَّلٰوۃِ۔ حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ، حَیَّى عَلَى الْفَلَاحِ۔اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ۔ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ۔

اذان کا اردو ترجمہ

اذان کا معنی یہ ہیں: اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے اللہ سب سے بڑا ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سواکوئی معبود نہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ گواہی دیتا ہوں میں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔ گواہی دیتا ہوں میں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔ آؤ نماز کے لئے، آؤ نماز کے لئے۔ آؤ کامیابی کی طرف، آؤ کامیابی کی طرف۔ اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے۔ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔

فجر کی اذان کا طریقہ

فجر کی اذان کا طریقہ یہ ہیں: اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ، اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ۔ أَشْهَدُ اَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهْ، أَشْهَدُ اَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهْ۔ اَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدََرَّسُوْلُ اللّٰهْ،اَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدََرَّسُوْلُ اللّٰهْ۔ حَيَّ عَلَى الصَّلٰوةِ، حَيَّ عَلَى الصَّلٰوۃِ۔ حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ، حَیَّى عَلَى الْفَلَاحِ۔ اَلصَّلٰوةُ خَيْرٌ مِّنَ النَّوْمْ،اَلصَّلٰوةُ خَيْرٌ مِّنَ النَّوْمْ۔ اَللّٰهُ أَكْبَرُ اَللّٰهُ أَكْبَرُ۔ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ۔

سوال۔ اذان اور اقامت کا جواب دینا واجب ہے یا مستحب؟

جواب۔ اذان اور اقامت دونوں کا جواب دینا مستحب ہے۔

اذان کا جواب کیسے دیں

اذان سننے والے وہی کلمے کہتے جائیں جو موذن یا مکبر کہتا ہے مگر حَیَّ عَلَی الصَّلٰوۃِ اور حَىَّ عَلَى الْفَلَاحِ سن كر لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰہ کہنا چاہیئے۔

فجر کی اذان کا جواب

فجر کی اذان میں اَلصَّلَوةُ خَيْرٌ مِّنَ النَّوْمِ سن کر صَدَقْتَ وَبَرَرْتَ کہنا چاہیئے۔

اقامت کا جواب

اقامت سننے والے وہی کلمے کہتے جائیں جو مکبر کہتا ہے مگر قَدْ قَامَتِ الصَّلٰوةُ سُن کر أَقَامَهَا اللّٰهُ وَاَدَامَهَا کہنا چاہیئے۔

اذان کے بعد کی دعا

اللهمَّ رَبَّ هَذِهِ الدُّعْوَةِ التَّامَّةِ، وَالصَّلٰوةِ الْقَائِمَةِ، اٰتِ مُحَمَّدَنِ الْوَسِيْلَةَ وَالْفَضِيْلَةَ، وَابْعَثْهُ مَقَامًا مَّحْمُوْدَ نِ الَّذِىْ وَعَدْتَّهُ إِنَّكَ لَا تُخْلِفُ الْمِيْعَاد۔

الصلاة خير من النوم اردو ترجمہ

نماز نیند سے بہتر ہے۔

صدقت وبررت کا ترجمہ

تونے سچ کہا اور تونے نیکی کا کام کیا۔

سوال تکبیر کسے کہتے ہیں؟

جواب جب نماز کے لئے کھڑے ہونے لگتے ہیں تو نماز شروع کرنے سے پہلے ایک شخص وہی کلمے کہتا ہے جو اذان میں کہے جاتے ہیں۔ اسے اِقامت اور تکبیر کہتے ہیں۔ تکبیر میں حَىَّ عَلَى الْفَلَاحِ کے بعد قَدْ قَامَتِ الصَّلٰوةُ دو مرتبہ اذان کے کلموں سے زیادہ کہا جاتا ہے۔

سوال۔ جو شخص اذان یا تکبیر کہتا ہے اسے کیا کہتے ہیں؟

جواب۔ جو شخص اذان کہتا ہے اسے موذن کہتے ہیں اور جو تکبیر کہتا ہے اسے مکبر کہتے ہیں۔

سوال۔ اذان کے کیا معنی ہیں؟

جواب۔ اذان کے معنی خبر کرنے کے ہیں لیکن شریعت میں خاص نمازوں کے لئے خاص الفاظ سے خبر کرنے کو اذان کہتے ہیں۔

سوال۔ اذان کا مستحب طریقہ کیا ہے؟

جواب۔ اذان میں سات باتیں مستحب ہیں۔ قبلہ کی طرف منہ کر کے کھڑا ہونا۔ اذان کے کلمات ٹھہر ٹھہر کر کہنا۔ یعنی جلدی نہ کرنا، اذان کہتے وقت دونوں شہادت کی انگلیاں کانوں میں رکھنا، اونچی جگہ پر اذان کہنا، بلند آواز سے اذان کہنا، حَيَّ عَلَى الصَّلٰوةِ کہتے وقت دائیں جانب اور حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ کہتے وقت بائیں جانب منہ پھیرنا، فجر کی اذان میں حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ کے بعد الصَّلٰوةُ خَيْرٌ مِّنَ النَّوْمِ دوبار کہنا۔

سوال۔ اقامت کسے کہتے ہیں؟

جواب ۔ فرض نماز شروع کرتے وقت ایک شخص وہی کلمے کہتا ہے جو اذان میں کہے جاتے ہیں اُسے اِقامت کہتے ہیں، اقامت میں حَىَّ عَلَى الْفَلَاحِ کے بعد قَدْ قَامَتِ الصَّلٰوةُ دو مرتبہ اذان کے کلموں سے زیادہ کہا جاتا ہے۔

سوال۔ اقامت کہنا کیسا ہے ؟

جواب۔ اقامت بھی فرض نمازوں کے لئے سنت ہے۔ فرض نمازوں کے علاو کسی نماز کے لئے مسنون نہیں۔

سوال۔ کیا اذان اور اقامت مردوں اور عورتوں دونوں کے لئے سنت ہے؟

جواب۔ نہیں بلکہ صرف مردوں کے لئے سنت ہے؟

سوال۔ بے وضو اذان اور اقامت کہنا کیسا ہے؟

جواب۔ اذان بے وضو کہنا جائز ہے مگر اس کی عادت بنالینا بُرا ہے اور بے وضو اقامت کہنا مکروہ ہے۔

سوال۔ اگر کسی وقت کوئی شخص اپنے گھر میں فرض نماز پڑھ لے تو اذان اور اقامت کہے یا نہیں؟

جواب۔ محلہ کی مسجد کی اذان اور اقامت کافی ہے لیکن کہلے تو اچھا ہے؟

سوال۔ مسافر حالتِ سفر میں اذان اور اقامت کہے یا نہیں؟

جواب۔ ہاں حالتِ سفر میں جب آبادی سے باہر ہو اذان اور اقامت دونوں کہنی چاہیئے۔ لیکن اگر اذان نہ کہے صرف اقامت کہہ لے جب بھی مضائقہ نہیں اور دونوں کو چھوڑ دینا مکروہ ہے۔

سوال ۔ اذان ایک شخص کہے اور اقامت دوسرا کہہ دے تو جائز ہے یا نہیں؟

جواب۔ اگر اذان کہنے والا موجود نہ ہو یا موجود ہو مگر اذان کہنے والا دوسرے شخص کے اقامت کہنے سے ناراض نہ ہو تو جائز ہے لیکن اگر اس کو نا خوشی ہو تو مکروہ ہے۔

سوال۔ اذان کے بعد کتنی دیر ٹھہر کر اقامت کہنی چاہیئے؟

جواب۔ مغرب کی اذان کے سوا اور سب وقتوں میں اتنی دیر ٹھہرنا چاہیئے کہ جولوگ کھانے پینے میں مشغول ہوں یا پائخانہ پیشاب کر رہے ہوں وہ فارغ ہو کر نماز میں شریک ہو سکیں اور مغرب کی اذان کے بعد بقدر تین آیتیں پڑھنے کے ٹھر کر تکبیر کہے۔

 

Leave a Comment