Noorani Qaida Lesson 5 – نورانی قاعدہ سے متعلق اہم تعلیمی ہدایات
نورانی قاعدہ سے متعلق اہم تعلیمی ہدایات
(۱) نورانی قاعدہ پڑھانے کے لئے دن متعین کئے جائیں،اور پھر اس بات کی پوری کوشش کی جائے کہ ہر سبق مقررکردہ دنوں میں مکمل ہو جائے،
(۲)روزانہ سبق پڑھانے سے پہلے سبق کا مطالعہ کریں اور سبق آسان اور دلچسپ بنا کر محنت و لگن سے پڑھائیں اور سبق اچھی طرح سمجھا ئیں۔
(۳)روزانہ قاعدہ/قرآن کریم کا سبق شروع کرنے سے پہلے تعوذ اور تسمیہ دونوں پڑھائیں۔
(۴)روزانہ نیا سبق تجوید کے ساتھ آہستہ رفتار سے اونچی آواز سے بار بار پڑھائیں البتہ چیخ کرنہ پڑھنے دیں۔
(۵)نورانی قاعدہ بورڈ پر پڑھائیں۔
(۶)آج کا سبق استاد کم ازکم خود ایک مرتبہ پڑھ کر سنائیں،اس لیے کہ بچے نقال ہوتے ہیں جیسے استاد سے سنیں گے ویسے خود پڑھنے کی کوشش کریں گے۔
(۷)قاعدہ اجتماعی طور پر پڑھائیں اور استاد آج کا سبق پڑھ کر سنانے کے بعد سبق اِن چار طریقوں سے پڑھائے:
(۱)استاذ کہلوائے سب طلبا پڑھیں۔
(۲)ایک طالب علم کہلوائے سب پڑھیں۔
(۳)تمام طلبا پڑھیں استاذ سنیے۔
(۴)ایک طالب علم پڑھے باقی سب سنیں۔
(۸)روزانہ ہر طالب علم سے گزشتہ کل کا سبق اس طرح سنیں کہ ایک طالب علم میں سبق سنا رہا ہو، باقی سب طلباء توجہ سے سن رہے ہوں، اگر طالب علم غلطی کرے تو استاذ طلبا سے پوچھیں:
کیا غلطی کی ہے؟ صحیح کیا ہے؟ اس طرح سب طلبہ متوجہ رہیں گے اور سن سن کر سبق بھی پکا ہوتا رہے گا۔
(۹)قران کریم صحیح پڑھنے اور لحن جلی و خفی سے بچنے کے لئے حروف کے مخارج کا صحیح ہونا ضروری ہے،اس لیے مخارج کی طرف خصوصی توجہ دی جائے،سبق پڑھاتے ہوئے اور بچوں سے سبق کہلواتے ہوئے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور روزانہ حروف کی ادائیگی درست کراتے رہیں حروف کی صحیح ادائیگی کی محنت روزانہ ہو تو کمزوری ختم ہو جائے گی۔
(۱۰)تدریس کا اصول یہ ہے کہ معلوم کی مدد سے نامعلوم کی پہچان کرائیں، اس لیے جب اگلا سبق شروع کرنا ہو اور اس سے ملتا جلتا سبق طلبا پڑھ چکے ہوں تو گزشتہ سبق کی مدد سے نیاں سبق شروع کرائیں،مثلا ب کے ذریعے ت اور ت کے ذریعے ث کی پہچان،ج کے ذریعے ح اور ح کے ذریعے خ کی پہچان کرائیں۔
ایسا کرنے سے بچے مانوس ہو جائیں گے اور بآسانی سبق سمجھ لیں گے، نیز گذشتہ سبق کی دہرائی بھی ہو جائے گی۔
(۱۱)سبق سمجھانے کے لیے پہلے شکل،پھر جگہ،پھر اس کا نام،پھر پڑھنے کا طریقہ بتلائیں،مثلا زبر سمجھانا ہو تو پہلے زبر کی شکل بنائیں، پھر اس کی جگہ کہ زبر ہمیشہ حرف کے اوپر ہوتا ہے،پھراس کا نام کہ اس ترچھی سی لکیر کو زبر کہتے ہیں،اور اس کے پڑھنے کا طریقہ بتائیں۔
(۱۲)حرکات کے سبق سے بچوں کو ہجے اور رواں دونوں طریقوں سے پڑھائیں۔
(۱۳)پوری کوشش کریں کہ نورانی قاعدہ مکمل ہو تو ہر طالب علم ہجے،رواں،وقف اور تجوید کے ساتھ صحیح پڑھنا سیکھ چکا ہو۔