نماز کا طریقہ | Namaz Ka Tarika In Urdu
مکمل نماز کا طریقہ اس طرح ہے کہ جب نماز پڑھنے کا ارادہ کرو تو پہلے اپنا بدن حدثِ اصغر (جن چیزوں سے صرف وضو لازم آتا ہے اسے حدث اصغر کہتے ہیں) اور حدثِ اکبر (جن چیزوں سے غسل فرض ہوتا ہے اسے حدث اکبر کہتے ہیں) اور ظاہری ناپاکی سے پورا بدن پاک کر لو اور پاک کپڑے پہن کر پاک جگہ پر قبلے کی طرف منہ کر کے اس طرح کھڑے ہو کہ دونوں قدموں کے درمیان چار انگل یا اس کے قریب قریب فاصلہ ر ہے۔ جیساکہ نیچے تصویر میں دیکھا جاسکتاہے۔
پھر جونماز پڑھنی ہے اس کی نیت دل سے کرو، زبان سے بھی کہ لو تو اچھا ہے۔مثلا اگر آپ کو فجر کی نماز پڑھنی ہے تو اس طرح نیت کرے (میں فجر کی دو رکعات فرض نماز پڑھتاہوں اللہ کے واسطے رُخ میرا کعبہ شریف کی طرف) نیت کے بعد دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاؤ، ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور انگلیاں قبلہ کی طرف رہیں اور انگوٹھے کانوں کی لَوکے مقابل ہوں اور انگلیاں کھلی کهلی رہیں۔ جیساکہ نیچے تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
اور الله اكبر کہہ کر دونوں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لیجیے، سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رہے اور انگوٹھے اور چھوٹی انگلی سے حلقے کے طور پر گٹے کو پکڑ لیجیے اور باقی تین انگلیاں کلائی پررہیں اور نظر سجدہ کی جگہ پر رہے، جیسا کہ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
ہاتھ باندھنے کے بعد ثنا پڑھو۔
سُبْحَانَکَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَا اِلٰهَ غَيْرُکْ۔
ثنا پڑھنے کے بعد تَعَوُّذْ یعنی أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ پھر تَسْمِیَہ یعنی بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيم پڑھ کر سورہ فاتحہ پڑھیں،
سُوْرَۃُ الفَاتِحَة:
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ۱الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِۙ۲مٰلِكِ یَوْمِ الدِّیْنِؕ۳اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْنُؕ۴اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَۙ۵صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْهِمْ ۙ۬ۦ غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْهِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَ۠۷
جب سورۂ فاتحہ ختم کر لوتو آہستہ سے آمِیْنْ کہو ۔ پھر کوئی سورت یا کوئی بڑی ایک آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھو (لیکن اگر تم امام کے پیچھے نماز پڑھ رہے ہو تو صرف ثناپڑھ کر خاموش کھڑے رہو، تعوذ، تسمیہ، سورۂ فاتحہ، سورت کچھ نہ پڑھو )
سورہ فلق:
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِۙ۱ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَۙ۲ وَ مِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَۙ۳ وَ مِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِۙ۴ وَ مِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ۠۵
قرأت صاف صاف اور صحیح صحیح پڑھو، جلدی نہ کرو۔ پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جاؤ،انگلیوں کو کھول کر ان سے گھٹنوں کو پکڑ لو، پیٹھ کو ایسا سیدها کر لو کہ اگر اس پر پانی کا پیالہ رکھد یا جائے تو ٹھیک رکھا رہے ،سر کو پیٹھ کی سیدھ میں رکھو ، نہ اونچا کرونہ نیچا رکھو۔ ہاتھ پسلیوں سے علیحدہ رہیں اور پنڈلیاں سیدھی کھڑی رہیں ۔ جیساکہ نیچے تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
پھر رکوع کی تسبیح سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيْمْ تین مرتبہ یا پانچ مرتبہ پڑھو۔ پھر تسمیع یعنی سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَہْ کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جاؤ ۔ اور تحمید یعنی رَبَّنَالَكَ الْحَمْدْ بھی پڑھ لو ۔
پھر تکبیر کہتے ہوئے سجدے میں جاؤ پہلے دونوں گھٹنے ، پھر دونوں ہاتھ ، پھر ناک ، پھر پیشانی رکھو ، چہرہ دونوں ہتھیلیوں کے درمیان اور انگوٹھے کان کے مقابل رہیں ۔ ہاتھوں کی انگلیاں ملی رکھو تا کہ سب کے سرے قبلہ کی طرف رہیں، کہنیاں پسلیوں سے اور پیٹ رانوں سے علیحدہ رہے۔ کہنیاں زمین پر نہ بچھاؤ، جیساکہ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
سجدے میں تین یا پانچ مرتبہ سجدے کی تسبیح یعنی سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلیٰ کہو، پھر پہلے پیشانی، پھر ناک، پھر ہاتھ اٹھا کر تکبیر یعنی اَللہُ اَکَبْرْ کہتے ہوئے اٹھو اور سیدھے بیٹھ جاؤ۔
پھر تکبیر کہہ کر دوسرا سجدہ کرو، پھر تکبیر کہتے ہوۓ اٹھو، اٹھنے میں پہلے پیشانی ، پھر ناک، پھر ہاتھ ، پھر گھٹنے اٹھا کر پنجوں کے بل سیدھے کھڑے ہو جاؤ اور کھڑے ہوکر ہاتھ باندھ لو اور بسم اللہ اور سورۂ فاتحہ پڑھو (امام کے پیچھے ہوتو کچھ نہ پڑھو ، خاموش کھڑے رہو)۔
سُوْرَۃُ الفَاتِحَة:
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ۱الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِۙ۲مٰلِكِ یَوْمِ الدِّیْنِؕ۳اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْنُؕ۴اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَۙ۵صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْهِمْ ۙ۬ۦ غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْهِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَ۠۷
بسم اللہ اور سورۂ فاتحہ پڑھنے کے بعد پھر کوئی سورت یا کوئی بڑی ایک آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھو۔
سورة ناس:
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِۙ۱ مَلِكِ النَّاسِۙ۲ اِلٰهِ النَّاسِۙ۳ مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ ۙ۬ الْخَنَّاسِ۪ۙ۴الَّذِیْ یُوَسْوِسُ فِیْ صُدُوْرِ النَّاسِۙ۵ مِنَ الْجِنَّةِ وَ النَّاسِ۠۶
پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جاؤ اور رکوع کی تسبیح سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيْمْ تین مرتبہ یا پانچ مرتبہ پڑھو۔
پھر تسمیع یعنی سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَہْ کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جاؤ ۔ اور تحمید یعنی رَبَّنَالَكَ الْحَمْدْ بھی پڑھ لو۔
پھر تکبیر کہتے ہوئے سجدے میں جاؤ ،سجدے میں تین یا پانچ مرتبہ سجدے کی تسبیح کہو، پھر پہلے پیشانی، پھر ناک، پھر ہاتھ اٹھا کر تکبیر یعنی اَللہُ اَکَبْرْ کہتے ہوئے اٹھو اور سیدھے بیٹھ جاؤ۔
پھر تکبیر کہہ کر دوسرا سجدہ کرو،سجدے میں تین یا پانچ مرتبہ سجدے کی تسبیح سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلیٰ کہو، پھر تکبیر کہتے ہوئے دوسرے سجدے سے اٹھو اور بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھ جاؤ ، سیدھا پاؤں کھڑا رکھو، دونوں پاؤں کی انگلیوں کے سرے قبلے کی طرف رہیں۔
اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھو اور تشہد یعنی التحیات پڑھو،
التحيات لله والصلوات والطيبات السلام عليك أيها النّبي ورحمة الله وبركاته السلام علينا وعلى عبادالله الصالحين اشهد ان لا إله إلا الله وأشهد أن محمدا عبده ورسوله
جب اشهد ان لا الہ پر پہنچو تو سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے اور بیچ کی انگلی سے حلقہ باندھ لو اور چھوٹی اور اس کے پاس والی انگلی کو بند کرلواور کلمہ کی انگلی اٹھا کر اشاره کرو، لاالہ پرانگلی اٹھاؤ اور الّا اللہ پر جھکادو اوراسی طرح اخیر تک حلقہ باندھے رکھو۔ جیسا کہ نیچے تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
تشہد ختم کر کے اگر دو رکعت والی نماز ہے تو درودشریف پڑھو،
اللهم صل على محمد وعلى آل محمد كما صليت على إبراهيم وعلى آل ابراهيم انك حميد مجيد۔ اللهم بارك على محمد وعلى آل محمد كما باركت على إبرهيم وعلى آل ابراهيم انك حميد مجيد۔
درود شریف کے بعد دعاء ماثورة پڑھو۔
اللهم إني ظلمت نفسي ظلما كثيرا ولا يغفر الذنوب إلا أنت فاغفر لي مغفرة من عندك وارحمني إنك أنت الغفور الرحيم۔
دعاء ماثورہ پڑھنے کے بعد پہلے دائیں پھر بائیں طرف السلام عليكم ورحمة اللہ کہتے ہوئے سلام پھیرو، دائیں طرف سلام پھیرتے وقت دائیں طرف منہ پھیرو اور بائیں طرف سلام میں بائیں طرف منہ پھیرو۔
دائیں سلام میں دائیں طرف کے فرشتوں کی نیت کرو اور بائیں سلام میں بائیں طرف کے فرشتوں کی نیت کرو۔ یہ ہم نے دورکعات والی نماز کا طریقہ سیکھا،
اور اگر تین یا چار رکعت والی نماز ہے تو تشہد یعنی التحیات کے بعد درود شریف نہ پڑھو، بلکہ تکبیر کہتے ہوئے کھڑے ہو جاؤ اور تیسری اور چوتھی رکعت اوپر جس طرح بتایا گیا اس کے مطابق پڑھو اور نماز پوری کر کے سلام پھیر دو۔ دھیان رہے کہ فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعات میں سورہ فاتحہ کے بعد سورت نہیں پڑھیں گے بلکہ سورہ فاتحہ پڑھنے کے بعد سیدھے رکوع کریں گے۔ یہ ہےنماز کا مکمل طریقہ باتصویر۔
نماز کے بعد کی دعا:
سلام پھیر نے کے بعد اللھم انت السلام ومنك السلام تباركت ياذا الجلال والإكرام، اور اللهم أعني على ذكرك وشكرك وحسن عبادتك پڑھو۔ اور یہ دعا بھی مسنون ہے لا إله إلا الله وحده لاشريك له له الملك وله الحمد وهو على كل شئ قدير اللهم لامانع لما أعطيت ولا معطي لما منعت ولا ينفع ذا الجد منك الجد
صلاۃ التسبیح کا مکمل طریقہ