یوم عاشورہ
یوم عاشورہ ماہ ِمحرم کے دسویں دن کو کہا جاتا ہے ہے، اسے عاشور، عاشورہ، اور عاشورا ءبھی کہتے ہیں لہذا جب یوم عاشورہ بولا جاتا ہے تو اس سے محرم کی دسویں رات کا دن مراد لیا جاتا ہے۔
یوم عاشورہ کی فضیلت
یوم عاشورہ کی فضیلت میں اگرچہ عوام میں بہت ساری باتیں مشہور ہیں تاہم صحیح روایات سے اتنا پتہ چلتا ہے کہ
- یہ نیک دن ہے۔
- اس دن اللہ تعالی نے بنی اسرائیل کو ان کے دشمن سے نجات عطا فرمائی۔
- یہ عظیم دن ہے۔
- اس روز اللہ تعالی نے سیدنا موسی علیہ السلام اور آپ کی قوم کو فرعون اور اس کی قوم سے نجات دلائی
- یہود اس دن کی تعظیم کرتے اور اسے عید تصور کر تے ۔
- یہودیوں کی عورتیں اس روز خصوصی طور پر زیورات پہنتیں اور اپنا بناؤ سنگار کرتیں۔
- سید نا موسی علیہ السلام اس دن بطور شکرانہ روزہ رکھتے تھے۔
- یہود بھی اس دن کی تعظیم کرتے ہوۓ روزہ رکھتے تھے۔
- قریش بھی دورِ جاہلیت میں اس دن روزہ رکھتے۔
- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس دن روزہ رکھا اور رکھنے کا حکم دیا۔
- اس دن کعبہ پر غلاف بھی چڑھایا جا تا تھا۔
یوم عاشورہ کے روزوں کی فضیلت
سیدنا ابوقتادہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
صِیـَامُ يَـوْمِ عَـاشُوْرَاءَ إِنِّيْ أَحْتَسِبُ عَلَى اللهِ أَن يُّكفِّرَ السَّنَةَ الَّتِي قَبْلَهٗ۔
” مجھے امید ہے کہ اللہ تعالٰی عاشوراء کے روزے سے گزشتہ ایک سال کے گناہ معاف فرما دے گا۔“
سید نا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے عاشوراء کے روزے کے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے کہا:
مَا عَلِمْتُ أَنَّ رَسُولَ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلیہِ وَسلَّمَ صَامَ يَوْمًا يَطْلُبُ فَضْلَهُ عَلَى الْأيَّامِ إِلاَّ هٰذَا الْيَوْمِ وَلَا شَهْرًا إِلَّا هٰذَا الشَّهْرِ يَعنِي رَمَضَانَ۔
میں نہیں جانتا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی دن کو افضل جان کر روزہ رکھا ہو سوائے یوم عاشوراء کے اور نہ ہی آپ نے ماہ رمضان کے سوا کسی مہینے کے پورے روزے رکھے ہیں ۔