آیت الکرسی | آیت الکرسی کا معنی | آیت الکرسی کی فضیلت اور شان نزول
اَللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ ۚ اَلْحَیُّ الْقَیُّوْمُ ۚ۬ لَا تَاْخُذُهٗ سِنَةٌ وَّ لَا نَوْمٌ ؕ لَهٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ ؕ مَنْ ذَا الَّذِیْ یَشْفَعُ عِنْدَهْۤ اِلَّا بِاِذْنِهٖ ؕ یَعْلَمُ مَا بَیْنَ اَیْدِیْهِمْ وَ مَا خَلْفَهُمْ ۚ وَ لَا یُحِیْطُوْنَ بِشَیْءٍ مِّنْ عِلْمِهٖۤ اِلَّا بِمَا شَآءَ ۚ وَسِعَ كُرْسِیُّهُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ ۚ وَ لَا یَـُٔوْدُهٗ حِفْظُهُمَا ۚ وَ هُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ۲
آیت الکرسی کا معنی
اللہ ،اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، زندہ ہمیشہ قائم رہنے والا، اسے نہ اونگھ آتی ہے نہ نیند ،جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہیں سب اسی کا ہے، کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس سے سفارش کر سکے، جو کچھ لوگوں کے روبرو ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے، اسے سب معلوم ہے اور وہ اس کی معلومات میں سے کسی چیز پر دسترس حاصل نہیں کر سکتے ہاں جس قدر وہ چاہتا ہے ،اس کی بادشاہی (اور علم) آسمان اور زمین سب پر حاوی ہے، اور اسے ان کی حفاظت کچھ بھی دشوار نہیں اور وہ بڑا بلند و بالا اور صاحب عظمت ہے۔
آیت الکرسی کی فضیلت
مفسرین نے احادیث و روایات کی روشنی میں قرآن حکیم کی بعض آیات کے فضائل بیان کئے ہیں،قرآنی آیات میں آیت الکرسی کے فضائل جس کثرت سے منقول ہوئے ہیں قرآن حکیم کی کوئی اور آیت اس معاملے میں اِس کے مثل نہیں ہے۔
سیدنا ابو امامہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جو شخص ہر فرض نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھے اسے جنت میں داخل ہونے سے سوائے موت کے کوئی چیز نہیں روک سکتی۔
آیت الکرسی کا شان نزول
آیۃ الکرسی کے نزول سے متعلق مستقل شانِ نزول مفسرین نے ذکر نہیں کیا، البتہ یہ آیتِ کریمہ یعنی آیت الکرسی سورۂ بقرہ کی ایک لمبی آیت ہے، اس میں اللہ تبارک و تعالی کی ذات و صفات بیان لیے گئے ہیں، عقیدۂ توحید اور اللہ تعالیٰ کا وسیع علم، قدرت، ارادہ، سننا، جاننا وغیرہ دیگر صفات ذکر کی گئی ہیں۔
احادیثِ مبارکہ میں اس آیت کے یعنی آیت الکرسی کے بڑے فضائل بیان کیے گئے ہیں اور بعض روایات میں آیت الکرسی کو قرآنِ کریم کی سب سے عظیم آیت قرار دیا گیا ہے، آیت الکرسی کی تلاوت کو ایک چوتھائی قرآن کریم کی تلاوت کے برابر فرمایاگیا ہے۔ صبح و شام آیت الکرسی کا پڑھنا اسی طرح فرض نمازوں کے بعد آیت الکرسی کے پڑھنے کا اہتمام کرنا انسان کے لیے شرور و فتن سے حفاظت اورجنت میں داخلے کاسبب ہے۔